جمعرات 29 جنوری 2026 - 21:06
جلالپور میں عظیم الشان طرحی مشاعرہ/حسینیت ہی انسانیت ہے، مشیر الہندی امبیڈکر نگر

حوزہ/بزمِ ثقلین جلال پور کے زیرِ اہتمام ایک شاندار اور باوقار طرحی شعری نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں ادبی دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بزمِ ثقلین جلال پور کے زیرِ اہتمام ایک شاندار اور باوقار طرحی شعری نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں ادبی دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

بزم کا آغاز قاری ایلیا صاحب جلالپوری نے تلاوتِ کلام ربانی سے کیا، جس کے بعد نعت رسول (ص) پیش کی گئی۔

بزم کی صدارت مولانا ڈاکٹر رہبر سلطانی صاحب قبلہ امام جمعہ نے فرمائی نیز مولانا ڈاکٹر نیر ذوالقرنین صاحب قبلہ بزم کی زینت بنے رہے۔

دوران نشست ڈاکٹر ذیشان صاحب جلالپوری کی نظامت میں مقامی شعراء کے علاوہ بیرونی مہمان شاعر جناب کاظم جارچوی نے اپنا طرحی کلام پیش کیا جن کے کلام کو سامعین خوب سراہا۔

بعض جلالپور کے مشہور شعراء کے منتخب کلام ملاحظہ فرمائیں!

اللہ جانے کیا ہے سکینہ کی منزلت

شبّیر نے ہے مانگا بڑی عاجزی کے ساتھ

عرفی جلالپوری

عباس دو ہدف لیے آئے ہیں نہر پر

مشکیزہ بھرنا لوٹنا فر تشنگی کے ساتھ

رہبر سلطانی

ظالم کو عمر چار دہائی سے کم ملی

لیکن حُسین زندہ ہیں ہر اک صدی کے ساتھ

انصر جلالپوری

ملتا ہے اپنا ہاتھ وہی بے بسی کے ساتھ

لڑنے کو رن میں آیا تھا جو کمسنی کے ساتھ

شرف جلالپوری

کرنا ہے جو سوال نکیرین کیجیے

بیٹھا ہوا ہوں میں تو لحد میں علی کے ساتھ

احمد جلالپوری

دنیا سمجھتی دعوۂ قاسم کو بے دلیل

اصغر اگر نہ موت سے ملتے خوشی کے ساتھ

وارث جلالپوری

صحبت رکھو گے جیسی اثر وہ دکھائے گی

رشتہ رکھو ہمیشہ بھلے آدمی کے ساتھ

ساجد جلالپوری

پتھر پہ مار مار کے سر اپنا مر گئی

گردن نے ایسی جنگ لڑی ہے چھری کے ساتھ

کاشف جلالپوری

ہے دیکھنے کی چیز کی مرحب کو ایک لخت

کاٹا ہے ذوالفقار نے کس خوشخطی کے ساتھ

کاظم جارچوی

پتھر سے ہیرا بن کے جو چمکا کرے گا حر

کچھ پل گزار رکھا تھا بس جوہری کے ساتھ

رضا جلالپوری

سجّاد بھی ہیں اکبر و اصغر جری کے ساتھ

شہ کربلا میں آئے ہیں کتنے علی کے ساتھ

ایلیا جلالپوری

اس علاوہ فیضان جلالپوری، سیف جلالپوری، ثاقب جلالپوری، کمیل جلالپوری، مہتاب جلالپوری، نعیم جلالپوری، حیدر جلالپوری، شاہد جلالپوری، فطرس جلالپوری، شیر عالم جلالپوری اور کلیم عابد جلالپوری نے طرحی کلام پیش کیا۔

آخر میں بزمِ ثقلین کے منتظم ریحان مہدی عون اور اراکین بزم حُسین بہشتی، ذی فہم علی، مقدّس مہدی خوشنود اور افسر مہدی نے شکریہ ادا کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha